بدھ, جنوری ۷, ۲۰۲۶
0 C
Srinagar

اقدام قتل معاملے میں بڑی کامیابی، چار ملزم گرفتار: جموں پولیس

جموں: جموں پولیس نے اقدام قتل کے ایک معاملے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چار ملزموں کو گرفتار کیا ہے جبکہ پانچویں ملزم کی تلاش جاری ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قابل اعتماد ذرائع سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر ایک جان لیوا حملے کے معاملے میں، جس میں شمپی ولد مشتاق مسی ساکن مکان نمبر 185 کرسچن کالونی شدید زخمی ہوا جبکہ ناہید ولد دیپک ساکن کرسچن کالونی کو بھی چوٹیں آئیں، پولیس اسٹیشن سٹی میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر زیر نمبر 1/2026 درج کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ بھارتیہ نیائے سنتہا (بی این ایس) کے دفعات 115(2) ،109 (اقدام قتل)، 111، 191 (2) اور آرمز ایکٹ کی دفعات 4/25 کے تحت درج کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزموں نے مشترکہ نیت کے تحت غیر قانونی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے متاثرین پر بے رحمانہ حملہ کیا جس کا واضح مقصد قتل تھا۔انہوں نے کہا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے ایس ایچ او پولیس اسٹیشن سٹی کی قیادت میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کر چار ملزموں کو گرفتار کیا۔

گرفتار شدگان کی شناخت آفتاب عرف افو ولد مشتاق احمد ساکن مکان نمبر 114 گجر نگر جموں، محمد راشد ولد محمد ریاض ساکن مکان نمبر 20، نزدیک جے کے بینک گجر نگر، گل کرسٹ ولد سنیل گل ساکن کرسچن کالونی جموں اور دھروو شرما ولد وکاس شرما ساکن لوئر مست گڑھ پیر مٹھا جموں کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمے درج ہیں۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک ملزم محمد دانش ولد ریاض ساکن گجر نگر فی الحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں اور ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واردات میں استعمال ہونے والے غیر قانونی ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بر آمد گی کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں جنہیں قانون کے مطابق ضبط کیا جائے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img