بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
14.4 C
Srinagar

دہلی میں اے کیو آئی ’ انتہائی خراب زمرے میں‘، شہر کے کئی حصوں میں کہرا

نئی دہلی،: قومی دارالحکومت میں بدھ کے روز ہوا کے معیار کا انڈیکس (اے کیو آئی) کی سطح بدستور ’بہت خراب‘ زمرے میں ہے جبکہ شہر کے متعدد حصوں میں کہرے کے باعث حدِ بصارت کم درج کی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صفدرجنگ میں صبح ساڑھے چھ بجے ہلکے کہر کے دوران حدِ بصارت سب سے کم 900 میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ پالم میں صبح سات بجے دھند کے باعث حدِ بصارت1,100 میٹر رہی۔ سات سے دس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی مغربی ہواؤں نے حدِ بصارت میں مزید کمی کو روکنے میں مدد کی۔
ہندستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ اس کا فضائی اور سڑک نقل و حمل پر زیادہ اثر نہیں پڑا، تاہم موٹر گاڑی چلانے والوں کو صبح کے وقت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ادھر قومی دارالحکومت میں ہوا کا معیار ’بہت خراب‘ زمرے میں رہا۔ 40 میں سے 39 مانیٹرنگ اسٹیشنوں کے اعداد و شمار کی بنیاد پر دہلی کا مجموعی اے کیو آئی صبح 6:05 بجے 329 درج کیا گیا۔
شہر کے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح خاصی زیادہ ریکارڈ کی گئی، جن میں منڈکا (371)، این ایس آئی ٹی دوارکا (361)، نہرو نگر (360)، اوکھلا فیز-2 (339)، پنجابی باغ (340) اور نریلا (340) شامل ہیں، جہاں اے کیو آئی ’بہت خراب‘ رہا۔
دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں اے کیو آئی 319 درج کیا گیا، جبکہ نجف گڑھ میں 305، آنند وہار میں 341 اور اشوک وہار میں 351 کی سطح ریکارڈ کی گئی۔
صحت سے متعلق ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی فضائی کیفیت میں طویل عرصے تک رہنے سے سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور پہلے سے بیمار افراد کو زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
دسمبر کے اے کیو آئی کیلنڈر کے مطابق حالیہ دنوں میں آلودگی کی سطح مسلسل بلند رہی ہے۔ 14 دسمبر کو یہ 461 اور 15 دسمبر کو 427 تک پہنچ گئی، جو پورے شہر میں مسلسل خراب سے بہت خراب ہوا کے معیار کی نشاندہی کرتا ہے۔
آئی ایم ڈی نے کہا کہ دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافے اور دھوپ تیز ہونے کے ساتھ موسم کی صورتحال میں بتدریج بہتری کی امید ہے۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img