جموں: منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی تقریباً 35 لاکھ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 – ایف کے تحت ضبط کرلیا۔
منشیات فروش کی شناخت مکھن دین ولد حکم دین ساکن سمرولہ نرسو اودھم پور کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن چننی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 188/2024 میں انجام دی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ جائیداد میں ایک رہائشی مکان شامل ہے جو نرسو اودھم پور میں واقع خسرہ نمبر 746/485/315 کے تحت 5 مرلہ اراضی پر تعمیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران تفصیلی مالی جانچ اور بیک ورڈ لنک تجزیے سے یہ انکشاف ہوا کہ ملزم نے مذکورہ غیر منقولہ جائیداد منشیات کی آمدنی کے ذریعے حاصل کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان نتائج کی بنیاد پر مجاز اتھارٹی نے مزید قانونی کارروائی کے لئے جائیداد ضبط کرنے کا حکم صادر کیا۔
واضح رہے کہ اودھم پور پولیس نے سال رواں کے دوران اب تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مجموعی طور پر 17.65 کروڑ روپیے مالیت کی جائیداد ضبط کی ہے۔





