بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

بڈگام میونسل کمیٹی عمارت گھپلےمیں تین ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل: سی بی کے

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں میونسپل کمیٹی عمارت کے غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ایک مبینہ گھپلے کے سلسلے میں خصوصی جج، انسداد بدعنوانی، سری نگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔

ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چارج شیٹ سیکشن 420, 468, 120-بی کے تحت تین ملزموں کے خلاف بدعنوانی کی روک تھام کے ایکٹ کی دفعہ 5(2) میں داخل کی گئی ہے۔بیان میں ملزموں کی شناخت غلام محی الدین ڈار سابق صدر میونسپل کمیٹی بڈگام ولد غلام قادر ساکن خان پورہ بڈگام، غلام محمد میر ولد علی محمد میر ساکن بڈگام اور عبد المجید بٹ ولد محمد اکبر بٹ ساکن بڈگام کے طور پر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ میونسپل کمیٹی بڈگام سے تعلق رکھنے والی سرکاری ملکیت والی میونسپل بلڈنگ کی بڑے پیمانے پر غبن اور غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام لگانے والی شکایت سے شروع ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ’تحقیقات کے دوران، یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس وقت کے صدر میونسپل کمیٹی بڈگام نے، اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے، ملزم غلام محمد میر کو غیر مناسب اور غلط فائدہ پہنچایا۔‘

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی کمیٹی کی قرارداد اور ڈائریکٹر شہری بلدیاتی اداروں، کشمیر کی منظوری کی بنیاد پر مبینہ طور پر جاری کردہ الاٹمنٹ آرڈر کو جعلسازی اور غیر منظور شدہ پایا گیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے ایک مجرمانہ سازش میں حصہ لیا اور جعلی دستاویزات تیار کئے، جن میں بغیر کسی قانونی اتھارٹی یا منظوری کے ایک جعلی الاٹمنٹ آرڈر بھی شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’تینوں ملزموں سے تفتیش کے دوران جانچ پڑتال کی گئی اور انہوں نے پارٹنرشپ ڈیڈ، ڈسسولیشن ڈیڈ اور جعلی الاٹمنٹ آرڈر جاری کرنے میں اپنے رول کا اعتراف کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے کافی زبانی اور دستاویزی شواہد کی بنیاد پر، تمام ملزمان کے خلاف آر پی سی کے سیکشن 120-بی، 420 اور 468 کے تحت موقف قائم کیا گیا ہے، جبکہ اس دوران سرکاری عہدے کے غلط استعمال پر بدعنوانی کی روک تھام کے ایکٹ کے سیکشن 5(2) کے تحت اضافی چارج کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چارج شیٹ عدالتی فیصلے کے لیے جمع کر دی گئی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img