جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
10.6 C
Srinagar

ادھم پور تصادم: ایس او جی جوان کی موت، مزید دو اہلکار زخمی، آپریشن ہنوز جاری

جموں: جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع کے مجالتا علاقے کے سون گاؤں میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی دوسرے روز بھی جاری ہے۔ پیر کی شام شروع ہوئے تصادم میں ایک پولیس جوان کی شہادت کے بعد فورسز نے علاقے میں محاصرہ مزید سخت کر دیا ہے اور جنگلات میں چھپے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پیر کے روز ہونے والی جھڑپ میں ایک دہشت گرد کے زخمی ہونے کا شبہ ہے، جبکہ دو پولیس اہلکاروں کو گولیوں کے معمولی زخم آئے تھے۔ بعد ازاں اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) وابستہ جوان امجد پٹھان، ولد بشارت خان، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ شہید جوان کا تعلق پونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے کے سلوا گاؤں سے بتایا جا رہا ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ منگل کی صبح دوبارہ آپریشن شروع کیا گیا اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے علاقے میں ناکہ بندی مزید مضبوط کر دی گئی ہے۔ اس مشترکہ کارروائی میں جموں و کشمیر پولیس کی ایس او جی، فوج اور سی آر پی ایف کے جوان شامل ہیں، جبکہ اسنفر ڈاگز کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر عمل میں لائی گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ کم از کم تین دہشت گرد سون گاؤں کے قریب موجود ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ان کا تعلق پاکستان میں قائم دہشت گرد تنظیم جیشِ محمد سے ہو سکتا ہے۔

آئی جی جموں بھیم سین توتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ ایس او جی کی ایک محدود ٹیم نے سب سے پہلے دہشت گردوں کا سامنا کیا، تاہم اندھیرا اور گھنے جنگلات کے ساتھ دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں تاہم سکیورٹی فورسز نے ممکنہ فرار ہونے کے تمام راستوں کو سیل کیا ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img