پیر, دسمبر ۸, ۲۰۲۵
14.5 C
Srinagar

امیگریشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر سرینگر پولیس کا بڑا آپریشن، متعدد ہوٹلوں اور ہاوس بوٹ مالکان کے خلاف مقدمات درج

سری نگر:جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لئے پولیس نے امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے کئی ہوٹلوں، ہوم اسٹیز اور ہاؤس بوٹ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے پانچ الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔ پولیس کے مطابق غیر ملکی شہریوں کے قیام کے دوران لازمی فارم-سی رپورٹنگ نہ کرنا نہ صرف سنگین غفلت ہے بلکہ قومی سلامتی سے جڑے قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے، جس پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

پولیس نے بتایا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران راجباغ علاقے میں ہوٹل بلوسمز، ہوٹل گرینڈ ایم ایس اور ہوٹل گولڈن فاریسٹ نے غیر ملکی مہمانوں کو ٹھہرایا لیکن متعلقہ فارنرز رجسٹریشن آفس کو فارم-سی جمع نہیں کیا۔ اس سنگین خلاف ورزی پر پولیس اسٹیشن راجباغ میں ایف آئی آر نمبر 65/2025 زیر دفعات 8 اور 23-بی امیگریشن و فارنرز ایکٹ درج کی گئی ہے۔

اسی طرح خا نیار کے خیام علاقے میں بھی ہوٹل خیبر نے بارہا تنبیہ کے باوجود فارم-سی کے ثبوت پیش نہیں کئے جس پر پولیس اسٹیشن خانیار میں ایف آئی آر نمبر 57/2025 قائم کی گئی۔ لال بازار میں نواباغ باغوان پورہ میں قائم آئی ایم وائی ہوم اسٹے کے مالک محمد اسلم بکتو نے اسرائیلی شہری اسٹارو بنسکی لیور سمیت دیگر غیر ملکی مہمانوں کا قیام چھپایا اور فارم-سی آن لائن جمع نہیں کیا، جس پر پولیس اسٹیشن لال بازار میں ایف آئی آر نمبر 60/2025 درج ہوئی۔

نشیبی علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ نشاط میں وکیل کالونی کے محمد اشرف زرگر فارم-سی جمع

کرانے میں ناکام رہے، جس پر پولیس اسٹیشن نشاط میں ایف آئی آر نمبر 101/2025 درج ہوئی۔ اسی طرح رام منشی باغ کے علاقے میں متعدد ہاؤس بوٹس—فلوٹنگ کیسل، بیسٹ ویو ہاؤس بوٹ، کرسٹل پیلس اور لیک پیلس—کے مالکان نے بھی غیر ملکی مہمانوں کی لازمی رپورٹنگ نہیں کی۔ ان چاروں ہاؤس بوٹس میں تائیوان، روس، رومانیہ اور اسپین سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مقیم تھے۔ اس خلاف ورزی پر پولیس اسٹیشن آر ایم باغ میں ایف آئی آر نمبر 94/2025 زیر دفعات 7، 14 اور 16 امیگریشن و فارنرز ایکٹ درج کی گئی۔

سرینگر پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، ہاؤس بوٹس اور ہوم اسٹے آپریٹرز کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ملکی شہریوں کے قیام کے دوران فارم-سی کی لازمی رپورٹنگ ہر صورت یقینی بنائیں، کیونکہ اس میں کوتاہی نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ قومی سلامتی کے لئے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔

سرینگر پولیس نے کہا کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے، ملک کے مفادات کا تحفظ کرنے اور شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے بدستور اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img