پیر, دسمبر ۸, ۲۰۲۵
14.5 C
Srinagar

وزیر اعلیٰ سے ممبران اسمبلی تک، پوری حکومت عوام کے لئے دستیاب: تنویر صادق

سری نگر: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور ایم ایل اے زڈی بل تنویر صادق نے کہا ہے کہ منتخب حکومت کے قیام کے بعد نظامِ حکمرانی مکمل طور پر عوام کے نام وقف ہوچکا ہے اور اب ہر سطح پر لوگوں کی شنوائی، دادرسی اور ترقیاتی اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری طرزِ حکمرانی میں عوام کی بات کہیں نہیں سنی جاتی تھی، لیکن آج وزیر اعلیٰ سے لے کر وزراء اور ممبرانِ اسمبلی تک سبھی عوام کی دہلیز پر دستیاب ہیں اور سکریٹریٹ سمیت تمام سرکاری دفاتر کے دروازے شہریوں کیلئے کھلے ہیں۔

تنویر صادق نے ان باتوں کا اظہار گاسی یار چوک زڈی بل میں خطاطی سے مزین فنکارانہ سٹی گیٹ وے اور چوک کی خوبصورتی کے 62 لاکھ روپے مالیت کے پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ زڈی بل حلقے میں تعمیر و ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور ہر وہ کام ترجیحی بنیاد پر کیا جائے گا جو عوامی سہولت میں اضافہ کرے۔

اس سے قبل انہوں نے قدیم درگاہ حضرت عبدالرحمن المعروف میاں شاہ صاحبؒ رعناواری پر حاضری دی اور چادر چڑھائی۔ اس موقعے پر انہوں نے اعلان کیا کہ درگاہ کی تزئین و آرائش اور تجدیدی کام بہت جلد شروع ہوں گے، جس کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کام درگاہ کی انتظامیہ کمیٹی کی مشاورت اور رہنمائی میں ہی انجام دیئے جائیں گے۔

تنویر صادق نے درگاہ کے احاطے میں واقع قدیم ڈسپنسری کا بھی معائنہ کیا۔ مقامی لوگوں نے ڈسپنسری کو غوثیہ ہسپتال کے بجائے رعناواری ہسپتال کیساتھ منسلک کرنے کا مطالبہ کیا جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ معاملے کو جلد صحت کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو یہ بھی بتایا کہ ڈسپنسری کی اپگریڈیشن کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طبی سہولیات میں بہتری آسکے۔

ایم ایل اے زیڈی بل نے علاقے کے کئی حصوں میں جاکر لوگوں سے براہِ راست گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور متعدد معاملات موقعے پر ہی متعلقہ محکموں سے رابطہ کرکے حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ زڈی بل سمیت پوری وادی میں تعمیر و ترقی کا جال بچھایا جارہا ہے اور عوامی ضرورت کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا جارہا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img