بدھ, فروری ۴, ۲۰۲۶
6.9 C
Srinagar

سری نگر میں ہاوس بوٹوں کی باریک بینی سے تلاشی

سری نگر: وزیر داخلہ امت شاہ کے دورے سے قبل سری نگر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جس کے تحت دریائے جہلم اور اس کے اطراف موجود ہاؤس بوٹس میں وسیع پیمانے پر سیکورٹی چیکنگ کا عمل بدھ کو انجام دیا گیا۔ جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے ہاؤس بوٹوں اور ملحقہ علاقوں میں باریک بینی سے تلاشی لی۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے اور کسی بھی ممکنہ سیکورٹی خطرے کو قبل از وقت ناکام بنانے کے لئے انجام دی گئی۔ فورسز نے نہ صرف ہاؤس بوٹس میں قیام پذیر مقامی و غیر مقامی افراد کی دستاویزات کی جانچ کی بلکہ وہاں موجود سامان، کمروں اور مشترکہ جگہوں کی بھی مکمل تلاشی لی۔عینی شاہدین کے مطابق، بڑی تعداد میں فورسز اہلکار جھیل کے مختلف پوائنٹس پر تعینات تھے، جبکہ کچھ ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے پانی میں گشت کرتی رہیں۔ ہاؤس بوٹ مالکان اور سیاحوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی اور انہیں سرچ آپریشن کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ امت شاہ کے دورے کے دوران اُن کی مصروفیات اور سفر کے پیش نظر شہر میں سیکورٹی کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا گیا ہے، اسی سلسلے میں ہاؤس بوٹس، ہوٹلوں اور دیگر حساس مقامات پر بھی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔فورسز نے واضح کیا ہے کہ یہ سرچ آپریشن احتیاطی اقدام ہے اور ابھی تک کسی مشتبہ چیز یا شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعاون جاری رکھیں تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img