بدھ, فروری ۴, ۲۰۲۶
6.9 C
Srinagar

آبی گزر سری نگر میں سکیورٹی فورسز کا وسیع تلاشی آپریشن

سری نگر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورہ جموں و کشمیر سے قبل شہر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جس کے تحت بدھ کی صبح آبی گزر علاقے میں سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ یہ کارروائی دورے سے پہلے کسی بھی ممکنہ سکیورٹی خطرے کو ناکام بنانے اور شہر میں امن و امان یقینی بنانے کے سلسلے کا اہم حصہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے دستوں نے آبی گزر اور اس کے اطراف کو اچانک محاصرے میں لیا۔ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے ہر آنے جانے والے شخص سے پوچھ گچھ کی گئی۔ فورسز نے مشکوک گلیوں، دکانوں، رہائشی عمارتوں اور خالی مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی، جبکہ کئی گھروں میں سرچ ٹیمیں بھی داخل ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے تین روزہ دورے کے دوران وہ جموں اور سری نگر میں اعلیٰ سطحی میٹنگوں کی صدارت کریں گے۔ اس کے پیش نظر شہر میں سکیورٹی کا جال مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی ایک روٹین سکیورٹی آپریشن کا حصہ ضرور ہے، مگر دورے کے تناظر میں اسے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ تاحال کسی مشتبہ شخص یا چیز کی برآمدگی نہیں ہوئی ہے، تاہم فورسز نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں معمول سے زیادہ گشت اور نگرانی آئندہ چند دنوں تک برقرار رہے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img