سری نگر:جموں و کشمیر کی وزیر برائے تعلیم، صحت و سماجی بہبود سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ عوام نے مینڈیٹ دے کر موجودہ حکومت کو اُن کی خدمت اور گزشتہ دس برسوں کے دوران کیے گئے عوام مخالف اقدامات کے ازالے کا تاریخی موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت بنتے ہی انتظامیہ کو صاف و شفاف، فعال اور جوابدہ بنانے کا جامع عمل تیزی سے شروع کیا گیا ہے جس کے ابتدائی نتائج عوام تک پہنچنے لگے ہیں۔
سکینہ ایتو نے ان باتوں کا اظہار سرمائی سکریٹریٹ میں وادی کے مختلف علاقوں سے آئے عوامی وفود، ممبرانِ اسمبلی، شہری انجمنوں کے نمائندوں اور معزز شہریوں کے مسائل اور مطالبات سننے کے دوران کہی۔ انہوں نے عوامی وفود کے بیش تر معاملات موقعے پر ہی متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھائے اور فوری حل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور دیگر سرکاری محکموں میں کارکردگی میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بچوں کی تعلیم سرکاری ہو یا نجی، دونوں حکومت کے نزدیک یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کیلئے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔
نجی تعلیمی اداروں کے ٹرانسپورٹ نظام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو ہدایت کی کہ خستہ حال، پرانی اور غیر محفوظ گاڑیوں کے استعمال سے مکمل پرہیز کیا جائے تاکہ حادثات کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
صحت کے شعبہ سے متعلق گفتگو میں انہوں نے تمام ہسپتالوں کے سربراہان کو تاکید کی کہ ایمرجنسی خدمات 24 گھنٹے فعال رہنی چاہئیں اور ڈاکٹروں سمیت دیگر اسٹاف کی مکمل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خصوصاً یہ ہدایت دی کہ رات کے اوقات میں سینئر ڈاکٹروں کی موجودگی لازمی ہونی چاہئے تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات مل سکیں۔
سکینہ ایتو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے عوام کو راحت پہنچانے کا جو وعدہ انتخابی منشور میں کیا تھا، حکومت اسی راستے پر گامزن ہے اور عوامی مسائل کے فوری ازالے کیلئے ہر سطح پر کوششیں ہو رہی ہیں۔





