بدھ, دسمبر ۳, ۲۰۲۵
14.3 C
Srinagar

وادی کشمیر میں فلمی سرگرمیوں کا نیا دور شروع

سری نگر،: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ میں پہلی مرتبہ باقاعدہ فلم شوٹنگ کا آغاز ہوا ہے۔ کشمیر کی ثقافتی اور جغرافیائی خوبصورتی کے باوجود بجبہاڑہ جیسے علاقوں میں فلم بندی طویل عرصے تک ممکن نہ ہو سکی، تاہم حالات کی بہتری اور انتظامیہ کی کوششوں کے بعد بالآخر یہاں بھی کیمروں کی چمک دکھائی دینے لگی۔

صبح سویرے ایک فلمی یونٹ قصبے میں داخل ہوا، جس میں بیرونِ کشمیر سے آئے ہوئے فلم ساز اور ایک مقامی پروڈکشن ہاؤس کے اراکین شامل تھے۔ ٹیم نے آج کشمیر کی خاص شناخت کشمیری ولو پر مبنی ایک مختصر فلم کے چند اہم مناظر بجبہاڑہ کے مختلف مقامات پر فلم بند کیے۔ اس موقع پر لوگوں میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا اور کئی مقامی شہری شوٹنگ کے دوران موجود رہے۔
فلم یونٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وہ پہلی بار بجبہاڑہ میں فلم بندی کر رہے ہیں اور اب تک کا تجربہ انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا رہا ہے۔ ان کے مطابق پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مہیا کی گئی معاونت نے اس پورے عمل کو نہایت آسان بنا دیا۔
انہوں نے کہا، ’پولیس کی بہترین کوآرڈینیشن اور تعاون نے شوٹ کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہم یہاں بہت سکون سے کام کر رہے ہیں اور ہمیں جس قدر عزت، محبت اور مہمان نوازی ملی ہے، وہ ہمارے لیے حیران کن اور خوشگوار ہے۔ کشمیر کے لوگ ہر لحاظ سے غیر معمولی مہمان نواز ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ٹیم نے اس موسمِ سرما میں کشمیر میں متعدد فلمی پروجیکٹس کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، جن میں برفباری کے دوران فلم بندی بھی شامل ہے۔ ہمارے پاس مزید کئی پروجیکٹس لائن اپ ہیں۔ ہم نے یہاں لوکل پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ اشتراک قائم کیا ہے اور بیرون ریاست سے آنے والی ٹیموں کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے بجبہاڑہ میں شوٹنگ کی مشکل ترین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج فلم کے ایک خاص منظر کی شوٹنگ دراصل ایک کامیابی ہے۔یہاں پہلی بار کسی فلم کی شوٹنگ ہو رہی ہے۔ جغرافیہ، لوکیشنز اور پہلے کے حالات کے باعث یہ علاقہ فلم سازوں کی پہنچ سے دور رہا، مگر آج کا دن اس لیے اہم ہے کہ اس نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر سکیورٹی انتظامات درست ہوں، تو کشمیر کے ہر علاقے میں فلم بندی ممکن ہے۔
انہوں نے کشمیر میں فلمی سرگرمیوں کی بحالی کا کریڈٹ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے بروقت اقدامات کو دیا۔ ان کے مطابق بائسرن پہلگام حملے کے بعد حالات کی بحالی نے پوری انڈسٹری میں اعتماد پیدا کیا۔
انہوں نے کہا، ’پہلگام حملے کے بعد پوری فلم انڈسٹری میں خوف کی فضا تھی۔ کوئی یہاں آنا نہیں چاہتا تھا، مگر حکومت کی تیز رفتار کارروائی اور سکیورٹی بحالی نے حالات کو نارمل کر دیا۔ آج کشمیر کے مختلف علاقوں میں فلموں کی شوٹنگ ہو رہی ہے، جو چند سال پہلے تک سوچی بھی نہیں جا سکتی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں فلم انڈسٹری کے فروغ سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے، کیونکہ اس میدان میں بڑی تعداد میں ماہرین، ٹیکنیشنز، آرٹسٹ، فری لانسز، گائیڈز، ٹرانسپورٹرز، ہوٹلرز اور دیگر شعبوں کے لوگ شامل ہوتے ہیں۔
بجبہاڑہ میں پہلی شوٹنگ کو نہ صرف فلم یونٹ بلکہ مقامی شہریوں نے بھی ایک خوش آئند تبدیلی قرار دیا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اگر فلم ساز زیادہ سے زیادہ کشمیر آئیں، تو اس سے یہاں کے کلچر، سیاحت، بازاروں اور کاروبار کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
مقامی دکانداروں نے بتایا کہ شوٹنگ سے علاقے میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھی گئی اور اس سے مقامی کاروبار پر بھی مثبت اثر پڑا۔ ایک دکاندار نے کہا، ’آج پورا دن ماحول خوشگوار رہا۔ لوگ بھی آئے اور بازار بھی اچھے چلے۔ اگر فلمی سرگرمیاں مستقل ہوں گی تو روزگار کے نئے راستے کھلیں گے۔‘
فلمی ٹیم کی جانب سے کشمیر کے نوجوانوں کے لیے تربیتی ورکشاپس منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ گرپنگ، لائٹنگ، ساؤنڈ ریکارڈنگ، کیمرہ ہینڈلنگ اور اسکرپٹ رائٹنگ جیسے شعبوں میں ان کی مہارتوں میں اضافہ ہو سکے۔ ٹیم نے بتایا کہ آئندہ برس وہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں فلم میکنگ کے حوالے سے کئی خصوصی ورکشاپس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
بجبہاڑہ میں کی گئی یہ پہلی شوٹنگ نہ صرف علاقے کے لیے ایک اعزاز ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ کشمیر میں بدلتے حالات نے فلمی دنیا کے لیے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ مقامی لوگ امید رکھتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں یہاں بڑی فلموں، ویب سیریز اور ڈاکیومینٹریز کی شوٹنگ ہوگی، جس سے نہ صرف علاقے کی شناخت بڑھے گی بلکہ نوجوانوں کو بھی وسیع مواقع میسر آئیں گے۔
کشمیر میں فلم انڈسٹری کے فروغ سے متعلق یہ نئی پیش رفت آنے والے مہینوں میں کس قدر مثبت تبدیلی لائے گی، یہ تو وقت ہی بتائے گا، تاہم بجبہاڑہ میں کیمروں کا گھومنا اس بات کی علامت ہے کہ وادی ایک بار پھر فلم سازوں کی توجہ کا مرکز بننے لگی ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img