بدھ, دسمبر ۳, ۲۰۲۵
12.2 C
Srinagar

معذوروں سے متعلق عالمی دن کے موقع پر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن کا سری نگر میں حکومت کے خلاف احتجاج

سری نگر،:  عالمی یوم معذور کے موقع پر آج سری نگر میں جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے اپنی مشکلات اور دیرینہ مطالبات کو اجاگر کرنے کے لیے پرامن احتجاج کا اہتمام کیا۔

احتجاج میں شریک معذور افراد نے حکومت پر یہ الزام عائد کیا کہ وہ برسوں سے معذور طبقے کے بنیادی حقوق اور اُن کے لیے مختص فلاحی اسکیموں کو عملی شکل دینے میں ناکام رہی ہے۔


مظاہرین نے کہا کہ اگرچہ مرکزی اور ریاستی سطح پر معذور افراد کے لیے قوانین اور اسکیمیں موجود ہیں، مگر ان کی زمینی سطح پر عمل آوری نہایت سست روی کا شکار ہے۔ ایسوسی ایشن کے اراکین کے مطابق بہتر ریزرویشن، مالی معاونت، روزگار کے مواقع، مواصلاتی سہولیات، اسمارٹ کارڈز کی فراہمی اور سرکاری دفاتر و عوامی مقامات پر رسائی کے لیے مناسب انفراسٹرکچر کی فراہمی آج بھی دور کی بات ہے۔

احتجاجی مظاہرے میں شامل افراد نے شکایت کی کہ بارہا متعلقہ محکموں کو یاد دہانیوں اور یادداشتوں کے باوجود مسائل وہیں کے وہیں برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد روزمرہ زندگی میں بے شمار مشکلات کا سامنا کرتے ہیں لیکن حکام کی خاموشی اور عدم دلچسپی ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتی جارہی ہے۔

ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ معذور شہریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فوری نوٹس لے اور موجود قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے، تاکہ یہ طبقہ بھی بھرپور عزت و وقار کے ساتھ معاشرے میں زندگی گزار سکے۔

واضح رہے کہ ہر سال 3 دسمبر کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے عالمی یومِ معذور منایا جاتا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کی حکومتوں اور معاشروں کو اس بات کی طرف متوجہ کرنا ہے کہ وہ خصوصی افراد کی ضروریات، حقوق اور فلاح و بہبود پر سنجیدگی سے توجہ دیں۔ اس دن کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ معاشی، سماجی اور اخلاقی سطح پر معذور افراد کی بھرپور معاونت کی جائے، تاکہ وہ زندگی کے کسی بھی مرحلے پر احساسِ محرومی یا تنہائی کا شکار نہ ہوں اور مکمل وقار کے ساتھ معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔
 

Popular Categories

spot_imgspot_img