جموں: جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے جمعہ کو یہاں سیول سکریٹریٹ میں دو نو منتخب ارکان اسمبلی پی ڈی پی کے آغا منتظر مہدی اور بی جے پی کی دیویانی رانا کو حلف دلایا۔دونوں ارکان نے حالیہ ضمنی انتخابات میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
آغا منتظر نے بڈگام حلقہ انتخاب سے نیشنل کانفرنس کے آغا سید محمود کو جبکہ دویویانی رانا نے نگروٹہ سیٹ سے نیشنل پنتھرس پارٹی کے ہرش دیو سنگھ کو ہرایا۔ان ضمنی انتخابات کے لئے 11 نومبر کو ووٹنگ ہوئی تھی اور بڈگام نشست سے 50 فیصد جبکہ نگروٹہ سے 70 فیصد سے زیادہ ووٹنگ شرح ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ بڈگام اسمبلی نشست اس وقت خالی ہوئی تھی جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جنہوں نے دو نشستوں بڈگام اور گاندربل سے چنائو لڑا تھا اور دونوں پر کامیابی حاصل کی تھی، نے بعد میں گاندر بل نشست کو بر قرار رکھا تھا اور بڈگام نشست سے مستعفی ہوئے تھے جبکہ نگروٹہ سیٹ دویندر سنگھ رانا کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔





