پیر, فروری ۹, ۲۰۲۶
8.5 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ پر 297 کروڑ خرچ:حکومت

جموں،: جموں و کشمیر اسمبلی میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر مبارک گل کے سوال کے جواب میں حکومت نے گزشتہ تین برس کے دوران کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی پر ہونے والے اخراجات کی تفصیل پیش کی ہے۔

حکومت کے مطابق 2022 سے 2025 تک اسپورٹس سرگرمیوں پر مجموعی طور پر 81.05 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ اسی مدت میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر و مرمت پر 216.36 کروڑ روپے کی خطیر رقم صرف کی گئی۔
محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس نے بتایا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 2022-23 میں 29.39 کروڑ، 2023-24 میں 22.05 کروڑ اور 2024-25 میں 29.61 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ اسی طرح بی ای اے ایم ایس کے تحت اسپورٹس انفراسٹرکچر کے لیے 2022-23 میں 80.18 کروڑ، 2023-24 میں 60.51 کروڑ اور رواں مالی سال میں 75.67 کروڑ روپے مختص کیے گئے، جس سے مجموعی رقم 216 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
حکومت نے سری نگر کی مختلف اسمبلی نشستوں میں کھیلوں سے متعلق اخراجات کا بھی انکشاف کیا، جس کے مطابق لال چوک میں 12.53 کروڑ، حضرت بل میں 12.45 کروڑ، چنار باغ، خانیار، حبہ کدل اور دیگر حلقوں میں بھی نمایاں رقم خرچ کی گئی۔ عیدگاہ حلقے میں مجموعی طور پر 25.27 لاکھ روپے کھیلوں کے فروغ پر خرچ کیے گئے، جس کے ساتھ ساتھ متعدد بنیادی اسپورٹس سہولیات بھی تعمیر یا اپ گریڈ کی گئیں۔
اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی پروگرام بھی شروع کر چکی ہے جس کے تحت نوجوانوں کو ایتھلیٹکس، نیٹ بال، واکا تھون، کبڈی، شطرنج، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، فٹبال اور کرکٹ سمیت مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ دسمبر 2025 میں قومی یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقائی نوجوانوں نے مصوری، لوک رقص اور کہانی نویسی جیسے مقابلوں میں شرکت کی۔
محکمہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ آنے والے مہینوں میں ضلع سطح پر کرکٹ، ایتھلیٹکس، والی بال، باسکٹ بال، ہینڈ بال، جُوڈو، ووشو اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ’’فِٹ انڈیا‘‘، ’’یومِ یوگا‘‘، ’’نیشنل اسپورٹس ڈے‘‘، ’’یومِ آزادی‘‘ اور ’’یومِ اتحاد‘‘ جیسے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔ منتخب کھلاڑیوں کو یونین ٹریٹری اور قومی سطح کے مقابلوں میں نمائندگی کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
حکومت نے واضح کیا کہ سری نگر، خصوصاً عیدگاہ حلقے میں کھیلوں کی سہولیات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کی جا رہی ہے، جس کے تحت نہ صرف نئے گراؤنڈ تعمیر ہوں گے بلکہ موجودہ مراکز کو جدید خطوط پر اپ گریڈ بھی کیا جائے گا۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img