پیر, فروری ۹, ۲۰۲۶
8.5 C
Srinagar

دو برسوں میں سرکاری نوکریوں کے لیے درخواست فیس کی مد میں 48.88 کروڑ روپے وصول: حکومت

سری نگر،: جموں و کشمیر حکومت نے پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بے روزگار نوجوانوں سے سرکاری نوکریوں کے لیے درخواست فیس کی مد میں 48 کروڑ 88 لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں۔ یہ رقم جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے ذریعے جمع کی گئی۔

خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق، پلوامہ سے رکن اسمبلی وحید الرحمٰن پرہ کے ایک سوال کے جواب میں حکومت نے ایوان کو آگاہ کیا کہ مالی سال 2023-24 کے دوران مجموعی طور پر 14.48 کروڑ روپے بطور درخواست فیس وصول کیے گئے، جن میں سے 7.39 کروڑ روپے جے کے پی ایس سی جبکہ 7.09 کروڑ روپے جے کے ایس ایس بی نے جمع کیے۔

حکومت نے بتایا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران جے کے پی ایس سی نے 10 کروڑ روپے سے زائد جبکہ جے کے ایس ایس بی نے ملازمت کے امیدواروں سے درخواست فیس کی مد میں 23 کروڑ روپے سے زیادہ رقم حاصل کی۔

حکومت کے مطابق، دو برسوں میں مجموعی طور پر درخواست فیس کے طور پر جمع ہونے والی رقم 48.88 کروڑ روپے بنتی ہے۔

اس کے علاوہ ایوان کو یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران جے کے ایس ایس بی کی جانب سے تقریباً 10,400 اسامیوں کا اشتہار دیا گیا، جبکہ اسی مدت کے دوران جے کے پی ایس سی نے تقریباً 1,750 اسامیوں کو مشتہر کیا.(کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img