نئی دہلی،: دہلی کے کئی اسکولوں کو پیر کے روز ایک مرتبہ پھر بم سے اڑانے کی دھمکی ملی، جس کے بعد قومی دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر سکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق تقریباً نو اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئیں، جن کی تصدیق بعد میں پولیس ذرائع نے کی۔
جن اسکولوں کو بم کی دھمکی کی ای میل موصول ہوئی ہیں ان میں دہلی کینٹ میں لوریٹو کانوینٹ اسکول، سری نواسن پوری اور نیو فرینڈز کالونی میں کیمبرج اسکول، روہنی میں وینکٹیشور اسکول اور سی ایم اسکول، صادق نگر میں دی انڈین اسکول، آئی این اے میں ڈی ٹی اے اسکول، اور روہنی میں بال بھارتی اسکول شامل ہیں۔
اطلاع ملتے ہی دہلی پولیس کی ٹیمیں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ اسکولوں میں پہنچ گئیں۔ سکیورٹی ایجنسیوں نے احتیاطی تدابیر کے طور پر فوری طور پر احاطے کی مکمل تلاشی لی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔





