سری نگر: میر واعظ کشمیر میر واعظ عمر فاروق نے مدینہ منورہ میں پیر کی صبح پیش آنے والے المناک سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے متاثرہ کنبوں کے لئے صبر اور رحمت کی دعا کی۔واضح رہے کہ مدینہ طیبہ میں پیر کی صبح ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں کم از کم 24 زائرین عمرہ کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے جن میں سے بیشتر کا تعلق حیدر آباد سے بتایا جا رہا ہے۔
میر واعظ نے اس واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 42 عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے کی خبر نے بہت دکھ پہنچایا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘جو لوگ خالص نیت کے ساتھ بیت اللہ کی طرف روانہ ہوئے وہ عبادت کی حالت میں اپنے رب کی طرف لوٹ گئے،مگر ان کے اہل خانہ کا درد الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے’۔
میر واعظ نے متاثرہ کنبوں کے لئے صبر، رحمت اور شفا کی دعا کی۔





