جموں: جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ عارضی ملازموں کو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے اسمبلی میں ان کے مسئلے کو اسی سال حل کرنے کے وعدہ پر یقین کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عارضی ملازموں کے کچھ لیڈر اس معاملے پر سیاست کررہے ہیں جس سے ملازموں کو دور رہنا چاہئے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
عارضی ملازموں کے احتجاج کے متعلق پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘وزیر اعلیٰ نے جب اسمبلی میں کہا کہ عارضی ملازموں کے مسئلے کو اسی سال مرحلہ وار طریقے سے حل کیا جائے گا تو اب اس پر اور بحث نہیں ہونی چاہئے’۔ان کا کہنا تھا: ‘عارضی ملازموں کے کچھ لیڈر ہیں، جن کو شاید کسی پارٹی میں شامل ہونا ہے، اس پر سیاست کر رہے ہیں، ملازموں کو اس سے دور رہنا چاہئے اور وزیر اعلیٰ کے وعدے پر یقین کرنا چاہئے’۔
اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما کے خصوصی درجے سے متعلق ایک بیان کے بارے میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘سنیل شرما سے کہا جائے کہ آسام میں خصوصی درجہ ہے یا نہیں’۔بنگلہ دیش میں الیکشن کے بارے میں انہوں نے کہا: ‘بنگلہ دیش میں کون الیکنش لڑے گا کون نہیں یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ وہاں جمہوری ناظم حکومت بحال ہو’۔





