بدھ, نومبر ۵, ۲۰۲۵
16 C
Srinagar

پہلے مرحلے کی ووٹنگ کی تمام تیاریاں مکمل، 29 لاکھ سے زائد ووٹر کل کریں گے ووٹ

سمستی پور: بہار کے سمستی پور ضلع میں پہلے مرحلے کے تحت جمعرات کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے انتظامیہ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ضلع الیکشن آفیسر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ روشن کشواہا نے بتایا کہ ضلع کی 10 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ پرامن ماحول میں کرانے کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

ضلع میں کل 3,603 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 29 لاکھ 40 ہزار 776 ووٹر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں 15 لاکھ 68 ہزار 36 مرد اور 13 لاکھ 72 ہزار 711 خواتین ووٹر شامل ہیں۔

اس بار ضلع کے 10 اسمبلی حلقوں میں کل 108 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ نمایاں امیدواروں میں سرائے رنجن سے جے ڈی یو امیدوار اور بہار کے آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری، کلیان پور سے اطلاعات اور تعلقات عامہ کے وزیر مہیشور ہزاری، اُجیار پور سے آر جے ڈی امیدوار اور سابق وزیر آلوک کمار مہتا اور وبھوتی پور سے سی پی آئی (ایم) قانون ساز پارٹی کے رہنما اجے کمار شامل ہیں۔

الیکشن کے انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے انتظامیہ نے بڑی تعداد میں افسران اور اہلکاروں کی تعیناتی کی ہے۔ ضلع میں 37 زونل مجسٹریٹ، 401 اسسٹنٹ زونل مجسٹریٹ، 327 سیکٹر مجسٹریٹ اور 15,988 مائیکرو آبزرور مقرر کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی کے پیشِ نظر 60 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار اور سی اے پی ایف کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلع میں اس بار 20 نوجوانوں کے لیے مخصوص اور مثالی پولنگ مراکز بھی بنائے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کا تجربہ مزید آسان اور حوصلہ افزا بنایا جا سکے۔

ضلع مجسٹریٹ روشن کشواہا نے بتایا کہ ووٹنگ کے دن ایک بین الاقوامی وفد کی ٹیم بھی سمستی پور پہنچے گی، جو مہیلا مہاودیالیہ میں واقع پولنگ اسٹیشن نمبر 190 اور بی آر بی کالج کے پولنگ اسٹیشن نمبر 163 پر ووٹنگ کے عمل کا معائنہ کرے گی۔

انتظامیہ نے ضلع کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوریت کے اس تہوار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور بلا خوف و جھجک اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img