سری نگر: شری گرو نانک دیو جی کی جینتی کے موقع پر آئی جی پی کشمیر وی کے بردی اور ضلع مجسٹریٹ سری نگر اکشے لبرو نے بدھ کو یہاں گردوارہ چھٹی پادشاہی میں حاضری دی۔اس موقع پر آئی جی پی نے میڈیا کو بتایا؛ ‘جیسا کہ آپ جانتے ہی کہ آج شری گرو نانک دیو جی کی جینتی ہے اور اس سلسلے میں یہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند آ رہے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘میں نے بھی یہاں گرو کے دربار میں آکر ماتھا ٹیکا اور خطے کے امن و سکون اور خوشی و خوشحالی کے لئے دعا کی’۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے ضلع انتظامیہ کی طرف سے اس پر مسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: ‘ انتظامیہ گردوارہ کمیٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے’۔
انہوں نے کہا کہ گرد وارے کی روحانی اور تاریخی اہمیت کو بڑھانے، اس کو محفوظ کرنے اور اسے فروغ دینے کے لئے تمام اقدام کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ سری نگر کے رعنہ واری علاقے میں واقع گردوارہ چھٹی پاشاہی کشمیر کے سب سے اہم سکھ مذہبی مقامات میں سے ایک ہے جہاں بدھ کے روز شری گرو نانک دیو جی کی جینتی کے پر مسرت موقع پر صبح سے ہی عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔





