منگل, نومبر ۴, ۲۰۲۵
19.3 C
Srinagar

جموں وکشمیر کوآپریٹو سینٹرل لینڈ ڈیولپمنٹ کے سابق ایم ڈی کو تاریخ پیدائش تبدیل کرنے پر سزا: سی بی کے

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے جموں و کشمیر کوآپریٹو سینٹرل لینڈ ڈیولپمنٹ لمیٹڈ کے ایک سابق مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کے خلاف اپنی سرکاری ملازمت کی مدت میں غیر قانونی طور پر توسیع کرنے کے لیے تاریخ پیدائش کو دھوکہ دہی سے تبدیل کرنے پر سزا سنائی ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ مقدمہ ایک شکایت سے شروع ہوا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ محمد شفیع بانڈے (سابق منیجنگ ڈائرکٹر) نے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ بنا کر اس کی تاریخ پیدائش 01.09.1934 کے بجائے 01.09.1939 درج کی تھی۔
انہوں نے کہا: ‘ کرائم برانچ کشمیر کی طرف سے شروع کی گئی ایک تفصیلی تحقیقات نے ہیرا پھیری کی تصدیق کی اور ثابت کیا کہ موصوف کی اصل تاریخ پیدائش 26.06.1932 تھی۔ تفتیش کاروں نے پایا کہ ملزم نے سات سال سے زائد عرصے تک غیر قانونی طور پر سروس کی ہے، جس کے نتیجے میں اس نے غلط مالی فائدہ حاصل کیا ہے اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ہے’۔
ان کا کہنا ہے: ‘ کرائم برانچ کشمیر کی طرف سے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور تحقیقات کے بعد سٹی جج سری نگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی’۔
موصوف ترجمان نے بتایا: ‘مقدمے کی مکمل سماعت کے بعد، عدالت نے ملزم کو رنبیر پینل کوڈ (آر پی سی) کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی)، 468 (دھوکہ دہی کے مقصد سے جعل سازی) اور 471 (جعلی دستاویزات کو حقیقی کے طور پر استعمال کرنا) کے تحت مجرم پایا’۔
انہوں نے کہا: ‘سابق منیجنگ ڈائرکٹر کو دو سال کی سادہ قید اور 5 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی’۔
ان کا کہنا ہے کہ ای او ڈبلیو نے اس فیصلے کو عوامی خدمت میں بدعنوانی اور ہیرا پھیری کے خلاف ایک مضبوط پیغام کے طور پر سراہا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img