سرینگر، منگل، : محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے منگل کو بتایا کہ ایک مغربی خلل (ویسٹرن ڈسٹربنس) جموں و کشمیر کی طرف بڑھ رہا ہے، جو بعد دوپہر موسم کو ابرآلود کر دے گا اور یونین ٹیریٹری کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کے امکانات ہیں، جو کل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گے۔ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
ڈاکٹر مختار احمد کے مطابق، جموں خطے میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جب کہ ڈوڈہ اور دیگر بلند مقامات پر برفباری کے امکانات ہیں۔ “زوجیلا درہ بھی ہلکی برفباری کی لپیٹ میں آ سکتا ہے،” انہوں نے مسافروں سمیت مقامی لوگوں کو مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا اور اس کے بعد موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
ڈاکٹر مختار احمد نے مزید بتایا کہ اس موسمی نظام کے اثر کے دوران وادی کے مختلف مقامات پر ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مختصر دورانیے کے بعد 16 اور 17 نومبر کے دوران جموں و کشمیر میں زیادہ تر موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح کے اوقات سرد اور دن قدرے خنک رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں پھسلن اور عارضی ٹریفک رکاوٹوں کے خدشے کے پیشِ نظر معیاری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بارش اور برفباری کی سرگرمیوں کا متوقع آغاز:
شمالی کشمیر کے میدانی علاقے: سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک
وسطی کشمیر کے میدانی علاقے: شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک
جنوبی کشمیر کے میدانی علاقے: شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک
شدت: ہلکی سے درمیانی۔ یہ سلسلہ مختصر دورانیے کا ہوگا۔
میدانی علاقوں میں برفباری کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
(کشمیر ویدر کی پیش گوئی)





