جموں: منشیات فروشوں کے خلاف ایک اہم کارروائی میں اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی 70 لاکھ روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اودھم پور پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی 70 لاکھ روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 (ایف) کے تحت ضبط کر دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن رہام بل میں درج ایف آئی آر نمبر223/2024 کے تحت انجام دی گئی۔
منشیات فروش کی شناخت انل کمار ولد مول راج شرما ساکن جھب اودھم پور کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ جائیداد میں ایک رہائشی مکان اور ایک انووا گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر پی بی07 اے کیو – 0249 شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیداد کی کل مالیت 70 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر کو یہ معقول ثبوت تھا کہ یہ اثاثے منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ آمدنی سے حاصل کئے گئے ہیں جس کے بعد قانون کے مطابق ان اثاثوں کو ضبط کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم اس وقت پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت امفالہ جیل میں بند ہے۔انہوں نے کہا کہ اودھم پور پولیس نے سال رواں کے دوران منشیات سے متعلق مقدمات میں تقریباً 10 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کی ہے۔





