سری نگر: وادی کشمیر اور صوبہ جموں کے سرمائی زون علاقوں میں تمام تر انتظامات کے بیچ پیر کو دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات شروع ہوئے۔
حکام کے مطابق ان امتحانات میں تقریباً 95 ہزار طلبا حصہ لے رہے ہیں جن کی سہولیت کے لئے 9 سو 94 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے بیان کے مطابق امتحان کا وقت صبح 11 بجے سے دو پہر 2 بجے تک ہے۔
کل 94 ہزار 7 سو 83 طلبا میں سے 68 ہزار 8 سو 4 طلبا کا تعلق کشمیر کے 10 اضلاع سے ہے جبکہ 25 ہزار 2 سو 24 طلبا صوبہ جموں کے 8 اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ کے ضلع کرگل سے 6 سو 60 طلبا جبکہ ضلع لیہہ سے 95 طلبا اس امتحان میں شریک ہو رہے ہیں۔
وادی میں صبح سے ہی دسویں جماعت کے طلبا و طالبات کو اپنے اپنے امتحانی مراکز کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایک طالبہ نے اپنے امتحانی مرکز سے باہر میڈیا کو بتایا: ‘امتحان کا ڈر ضرور ہوتا ہے تاہم میں نے اپنی طرف سے تمام تر تیاریاں کی ہیں اور امید ہے کہ میں اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کروں گی’۔انہوں نے کہا: ‘حکام نے نصاب میں کمی بھی کی ہے جس سے طلبا کو فائدہ ہوگا’۔
دریں اثنا بورڈ نے شفاف اور منظم امتحانات کو یقینی بنانے کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ امتحانات کی سالمیت کی حفاظت کے لیے سخت ہدایات کے ساتھ ڈیوٹیوں کے لیے تعینات ہیں۔
حکام نے بتایا کہ امتحانی پروٹوکول کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے جانچ پڑتال۔ ویجیلنس ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران امیدواروں کے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ امتحان کے دوران امتحانی مراکز کے گرد و پیش دفعہ 163 بی این ایس ایس کے تحت پابندیاں عائد رہیں گی۔





