سری نگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ماہ نومبر کے پہلے ہفتے میں وادی کشمیر میں کہیں کہیں ہلکے درجے کے برف و باراں کا امکان ہے۔کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فی الوقت اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 29 اکتوبر سے 3 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے
کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 اور 5 نومبر کو وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 6 سے 10 نومبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت لگ بھگ معمول کے مطابق ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں بانہال سب سے سرد مقام رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں بدھ کے روز صبح سے ہی مطلع صاف رہا اور نحیف سی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔




