سری نگر،: کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او وی) نے بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے ایک مقدمے کے سلسلے میں ایک سابق پٹواری کو گرفتار کیا ہے جو گذشتہ 3 مہینوں سے گرفتاری سے بچ رہا تھا۔
ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ کشمیر نے عاشق علی ولد غلام رسول خان ساکن پانر جاگیر حال حول سری نگر کو گرفتار کیا ہے جو بالہامہ میں بطور پٹواری تعینات تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم پی آر سی کے دفعات 167،420 اور 120 – بی اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ5(2) کے تحت درج مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 14/2025 میں مطلوب تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ بد عنوانی، دھوکہ دہی اور جعلی انتقالات اراضی اور ریونیو ریکارڈ میں غلط اندراجات سے متعلق ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ مکمل اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر 9 جولائی 2025 کو 6 ملزموں کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا جن میں ایک تحصیلدار بھی شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان ملزموں میں سے 5 پہلے ہی گرفتار کئے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عاشق علی کیس کے اندراج کے بعد سے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا اور مخصوص خفیہ اطلاع ملنے پر اقتصادی جرائم ونگ کی ایک ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو کامیابی سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کی ضمانت کی درخواست معزز عدالت نے پہلے ہی مسترد کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرائم برانچ عوامی انتظامیہ میں شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لئے پر عزم ہے۔





