نئی دہلی،: وزیر اعظم نریندر مودی نےملک میں ہی تیار کردہ طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کو’ آتم نربھر بھارت‘ اور ’میک اِن انڈیا‘ کی عظیم علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جہاز ہندوستان کی فوجی صلاحیت کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی این ایس وکرانت صرف ایک جنگی جہاز نہیں ہے بلکہ اکیسویں صدی کے ہندوستان کی محنت، دبدبے اورعہد بستگی کی علامت ہے اور اس کے خوف سے ہی پاکستان نے آپریشن سندور کے دوران گھٹنے ٹیک دیے تھے۔
ہر سال فوجی جوانوں کے درمیان دیپوں کا تہوار دیوالی منانے کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اس بار وزیر اعظم مودی گوا کے ساحل اور کاروار بحری اڈے پر واقع آئی این ایس وکرانت پر پہنچے اور وہاں بحریہ کےجاںبازوں کے ساتھ دیوالی منائی۔
بحریہ کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بحریہ اور آئی این ایس وکرانت کو ہندوستان کی سمندری سرحدوں کا محافظ اور نگہبان قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ’’ وکرانت بہت عظیم، وسیع اور شاندار ہے۔ وکرانت مخصوص نوعیت کا ہے اور خاص بھی ہے۔
وکرانت صرف ایک جنگی جہاز نہیں، بلکہ اکیسویں صدی کے ہندوستان کی محنت، دبدبے اورعہد بستگی کا ثبوت ہے۔
آئی این ایس وکرانت آج ’آتم نربھر بھارت‘ اور’ میک اِن انڈیا‘ کی ایک بہت بڑی علامت ہے۔‘‘
وکرانت کو ہندوستان کی فوجی طاقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران اس کے خوف سے پاکستان گھنٹے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا۔
انہوں نے کہا، ’’سمندر کو چیرتا ہوا سودیشی طیارہ بردار آئی این ایس وکرانت ہندوستان کی فوجی صلاحیت کا مظہر ہے۔ہندوستانی بحریہ کے ذریعے پیدا کردہ خوف ، ہندوستانی فضائیہ کی شاندار مہارت اور ہندوستانی فوج کی بہادری نے آپریشن سندور میں پاکستان کو بہت جلد ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ہندوستانی مسلح افواج نے خود انحصاری کی سمت میں تیزی سے قدم بڑھایا ہے اور ہمارا کا مقصد ہندوستان کو دنیا کے سرفہرست دفاعی برآمد کاروں میں شامل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’گزشتہ ایک دہائی سے ہماری افواج تیزی سے خود انحصاری کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ہماری فوجوں نے ہزاروں ایسے آلات کی فہرست تیار کی ہے جنہیں اب بیرونِ ملک سے نہیں منگوایا جائے گا۔
ہمارا ہدف ہے کہ ہندوستان پوری دنیا کے اعلیٰ دفاعی برآمد کار ممالک میں شمار ہو۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی بحریہ کو بحر ہند کا محافظ قرار دیتے ہوئے کہا،’’ہندوستانی بحریہ بحرِ ہند کی حفاظت پر تعینات ایک نگہبان کی طرح ہے۔‘‘
انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بہادری اور شجاعت کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عزم و حوصلے کی بدولت ملک میں نکسلی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ہماری سکیورٹی فورسز کے عزم و شجاعت کی بدولت ملک نے گزشتہ برسوں میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے — اور وہ ہے نکسلی دہشت گردی کا خاتمہ۔‘‘
اس موقع پر آئی این ایس وکرانت پر لڑاکا طیاروں نے فضائیہ کی طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا اور ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔اس موقع پربحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش تریپاٹھی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
یو این آئی