عالمی میڈیا رپورٹس
افغانستان نے پاکستان پر افغان صوبے پکتیکا میں حملے کے دوران تین افغان کرکٹرز کی ہلاکت کا الزام عائد کرتے ہوئے آئندہ ماہ پاکستان میں شیڈول سہ فریقی سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان کرکٹ بورڈ ’صوبہ پکتیکا کے ضلع ارغون سے تعلق رکھنے والے بہادر کرکٹرز کی المناک ہلاکت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے، جنھیں آج شام پاکستانی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔‘
پاکستان کی حکومت اور فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور بی بی سی بھی آزاد ذرائع سے ان دعووں کی تصدیق نہیں کر سکا۔
افغان کرکٹ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ اس واقعے میں ارغون سے تعلق رکھنے والے تین کھلاڑی کبیر، صبغت اللہ اور ہارون سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ سات زخمی ہوئے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اس سے قبل ایک دوستانہ کرکٹ میچ میں شرکت کے لیے صوبہ پکتیکا کے دارالحکومت شرانہ گئے تھے اور ارغون واپسی کے بعد انھیں ایک اجتماع کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
افغانستان نے آئندہ ماہ نومبر میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان آنا تھا، اس سیریز میں میزبان پاکستان کے علاوہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے بھی شرکت کرنی تھی۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان اور سابق کپتان محمد نبی سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔