سری نگر: سائبر پولیس کشمیر نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں عام لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ موبائل ایپلیکیشن ‘زوپیڈیا’ اور ویب سائٹ ‘زوپیڈیا ڈاٹ کام’ کے ذریعے چلائے جانے والے آن لائن سرمایہ کاری کے گھوٹالے سے ہوشیار رہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق، لوگوں کو مذکورہ پلیٹ فارم پر رجسٹر کرنے اور آن لائن مواد کی درجہ بندی کرنے کا لالچ دیا جا رہا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا: ‘ ابتدائی طور پر، صارفین کو آسان کاموں کو مکمل کرنے کے لیے چھوٹی ادائیگیاں ملتی ہیں۔ تاہم، ان کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد، دھوکہ باز صارفین کو زیادہ منافع کا وعدہ کرتے ہیں اور بعد میں 1 ہزار 9 سو 50 روپیوں سے 24 ہزار روپیوں تک کی بڑی رقم کی سرمایہ کاری کرنے پر راضی کیا جاتا ہے اور اس پر زیادہ منافع کا وعدہ کیا جاتا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ ایک بار جب صارفین زیادہ پیسہ لگاتے ہیں، تو وہ مبینہ طور پر اپنی کمائی واپس نہیں لے پاتے، اور پلیٹ فارم کے پیچھے ہینڈلرز پوشیدہ ہو جاتے ہیں، جس سے متاثرین کو مالی نقصان ہوتا ہے’۔سائبر پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور ایسی اسکیموں کا شکار ہونے سے گریز کریں۔
انہوں نے اس نے متاثرین سے اپیل کی ہے کہ وہ www.cybercrime.gov.in پر شکایات درج کریں یا ہیلپ لائن نمبر 1930 پر رابطہ کریں۔