جمعرات, ستمبر ۱۱, ۲۰۲۵
27.2 C
Srinagar

مجھے سری نگر میں نظر بند کیا گیا، فاروق عبداللہ سے بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی:سنجے سنگھ کا دعویٰ

سری نگر: عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں سری نگرکے گیسٹ ہاوس میں پولیس نے نظر بند کر دیا ہے اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو بھی ان سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سنجے سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:’تاناشاہی اپنی انتہا پر ہے۔ میں اس وقت سری نگر میں ہوں۔ جمہوریت میں اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا اور احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔ آج معراج ملک کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف پریس کانفرنس اور دھرنا تھا، لیکن سرکاری گیسٹ ہاؤس کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں عام آدمی پارٹی کے ایم پی عمران حسین اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ گیسٹ ہاؤس سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سنجے سنگھ نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا:’یہ بڑی دکھ کی بات ہے کہ جموں و کشمیر کے کئی بار وزیر اعلیٰ رہ چکے ڈاکٹر فاروق عبداللہ جب مجھے نظر بند کئے جانے کی خبر سن کر مجھ سے ملنے سرکاری گیسٹ ہاؤس آئے تو پولیس نے انہیں بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ یہ اگر تاناشاہی نہیں تو اور کیا ہے؟‘

خیال رہے کہ ڈوڈہ کے رکن اسمبلی معراج ملک کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیے جانے کے بعد وادی سمیت مختلف مقامات پر سیاسی ردعمل سامنے آ رہا ہے اور اپوزیشن جماعتیں اس اقدام کو جمہوریت پر حملہ قرار دے رہی ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img