بدھ, ستمبر ۳, ۲۰۲۵
17.9 C
Srinagar

افغانستان میں زلزلے سے سینکڑوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ : طالبان حکومت

مانیٹرنگ ڈیسک 

اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں  درجنوں افراد ہلاک اور سو سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ طالبان حکومت نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتیں سینکڑوں میں ہو سکتی ہیں.

عالمی میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ’سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں‘ جبکہ بہت سے افراد زخمی ہیں۔

ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لاشوں کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ایک طالبان عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایک گاؤں میں 21 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب بھی صوبے کے کئی اضلاع میں آفٹر شاکس محسوس کیے جا رہے ہیں۔کنڑ صوبے کے ایک اور عہدیدار نے بتایا ہے کہ بہت بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

تاہم اس مرحلے پر، کوئی بھی صحیح اعداد و شمار فراہم نہیں کر سکتا کیونکہ متاثرہ علاقے دور دراز ہیں اور ان تک پہنچنا مشکل ہے۔

کچھ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کر رہے جبکہ دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث رابطہ سڑکیں منقطع ہیں۔

افغانستان

تصویر :طالبان حکومت

افغانستان میں اتنے زلزلے کیوں آتے ہیں؟

افغانستان میں ہر وقت زلزلوں کا خطرہ رہتا ہے کیونکہ یہ متعدد فالٹ لائنز کے اوپر واقع ہے جہاں انڈین اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ملتی ہیں۔

سنہ 2022 میں مشرقی افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے سے کم از کم ایک ہزار افراد ہلاک اور دیگر تین ہزار زخمی ہوئے تھے۔ یہ دو دہائیوں کے دوران ملک میں آنے والا سب سے بدترین زلزلہ تھا۔

اگرچہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت کم تھی، لیکن اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی جو زیادہ تباہی کی وجہ بنی۔

اتوار کو آنے والے زلزلے کی گہرائی آٹھ کلومیٹر سے بھی کم تھی جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد کے ہلاک یا زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ افغانستان میں زلزلے سے نقصانات کی دوسری بڑی وجہ وہاں کی کمزور عمارتیں ہیں۔ یہاں زیادہ تر گھر مٹی کی اینٹوں یا کمزور کنکریٹ سے بنے ہیں جو زلزلے برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

افغانستان میں زلزلے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ بھی نقصانات کا باعث بنتی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

افغانستان زلزلہ

Popular Categories

spot_imgspot_img