ہفتہ, اکتوبر ۱۸, ۲۰۲۵
23.7 C
Srinagar

جیل میں بند ممبر اسمبلی معراج ملک کو ووٹ ڈالنے کی اجازت، حکومت نے ہائی کورٹ کو مطلع کیا

جموں:جموں و کشمیر حکومت نے ہفتے کے روز ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ جیل میں بند ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کے لئے ضروری انتظامات کیے جا چکے ہیں تاکہ وہ راجیہ سبھا انتخابات میں اپنا ووٹ ڈال سکیں۔

معلوم ہوا ہے کہ، جسٹس راجیش سکری کی عدالت میں پیش ہوتے ہوئے سینئر ایڈووکیٹ سنیل سیٹھی اور سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل مونیکا کوہلی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے پہلے ہی ڈاک ووٹ متعلقہ اتھارٹی کو بھیج دیا ہے تاکہ ملک 24 اکتوبر 2025 کو منعقد ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں ووٹ دے سکیں۔
یہ بیان اُس درخواست کی سماعت کے دوران سامنے آیا جو معراج ملک نے عدالت میں دائر کی تھی، جس میں انہوں نے اپنے ووٹ کے حق کے استعمال اور آئندہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت طلب کی تھی۔

ملک کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ راہل پنت کی قیادت میں وکلاء کی ایک ٹیم نے دونوں مطالبات پر فوری غور کرنے کی اپیل کی۔ تاہم، حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے وکلاء نے وضاحت دی کہ ووٹنگ سے متعلقہ پہلو کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

عدالت نے یہ نوٹ کیا کہ حکومت کا جواب ابھی تک ریکارڈ پر موجود نہیں ہے۔ اس پر جسٹس سکری نے رجسٹری کو ہدایت دی کہ حکومت کا جواب باقاعدہ طور پر فائل میں شامل کیا جائے، اور کیس کی اگلی سماعت 27 اکتوبر 2025 کو مقرر کی، جس میں خاص طور پر اس بات پر غور کیا جائے گا کہ آیا ملک کو 23 اکتوبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کی اجازت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔

عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ حکومت یقینی بنائے کہ حراست میں موجود ایم ایل اے کو قانون کے مطابق ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img