جموں،: جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں جموں – پٹھان کوٹ شاہراہ پر یاتریوں سے بھری ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 1 یاتری کی موت جبکہ 40 کے قریب زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سانبہ کے جھگوال علاقے میں یاتریوں سے بھری ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر UP81BT – 7688 اتر پردیش سے شری ماتا ویشنو دیوی مندر کٹرہ جا رہی تھی اور اس میں 60 سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ایک مسافر کی موت واقع ہوئی جبکہ 40 کے قریب زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا- دریں اثنا جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘وزیر اعلیٰ نے سانبہ میں ماتا ویشنو دیوی کے یاتریوں کو لے جانے والے المناک بس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے جس میں ایک کی موت ہوئی ہے اور کئی زخمی ہوئے ہیں’۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی’۔
یو این آئی