سری نگر،: سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بارہمولہ گوریندر پال سنگھ کا کہنا ہے کہ اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک آپریشن آج بھی جاری ہے جہاں گذشتہ روز گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی جوان کی موت واقع ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
موصوف ایس ایس پی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ترنگا ریلی کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
اوڑی سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک آپریشن کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘علاقہ دور افتادہ ہے، پولیس کی ٹیمیں ابھی جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘شہید جوان کی قانونی و طبی لوازمات ار آخری رسومات ادا کی گئی ہیں اور اس سلسلے میں تحقیقات کے لئے ایف آئی آر درج کیا گیا ہے’۔
ایک سوال کا جواب دہتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا: ‘ابھی معلوم نہیں ہوا ہے کہ دہشت گردوں کی تعداد کیا تھی کیونکہ آپریشن ابھی جاری ہے، آپریشن اختتام ہونے کے بعد ہی ہم جائے موقعہ پر جا سکتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ فوج کام پر لگی ہوئی ہے ہم آپریشن میں کوئی خلل نہیں ڈالنا چاہتے ہیں۔
ضلع میں یوم آزادی کی تقریبات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ ضلع بھر 147 مقامات پر یوم آزادی کی تقرییات منعقد ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں سب سے بڑی تقریب شوکت علی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جس کے لئے تمام تر سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ باقی مقامات پر بھی یوم آزادی کی تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے پختہ انتطامات کئے گئے ہیں۔
یو این آئی