سری نگر،: وادی کشمیر میں طویل خشک موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ ہونے کے نتیجے میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور برابر جاری ہے۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 28 نومبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب شبانہ درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام ور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.6 اور 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع وادی کے سرد ترین اضلاع رہے ہیں ۔ضلع پلوامہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ شوپیاں ضلع میں بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔
اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے ایک اور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زوجیلا پاس پر شبانہ درجہ حرارت منفی18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی9.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 20 دسمبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
کشمیر میں 25 دسمبر تک بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں
وادی کشمیر میں خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ طویل ہوتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں اہلیان وادی گوناگوں مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 25 دسمبر تک گرچہ بیچ بیچ میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکے درجے کے برف و باراں کا امکان ہے تاہم بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
موصوف ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 11 اور 12 دسمبر کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 ست 17 دسمبر تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں صبح اور شام کے وقت ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 18 اور 19 دسمبر موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کی توقع ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد میں 20 اور 21 دسمبر کو وادی میں کہیں کہیں شام کے وقت ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھی کچھ مقامات پر اسی طرح کی موسمی صورتحال متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 22 ست 25 دسمبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود مگر خشک رہ سکتا ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ اس دوران کشمیر میں کئی مقامات پر درمیانی سے ہلکی دھند چھائی رہ سکتی ہے جبکہ جموں صوبے میں بھی کہیں کہیں اس طرح کی صورتحال متوقع ہے۔





