ہفتہ, فروری ۷, ۲۰۲۶
4.8 C
Srinagar

اننت ناگ میں جعلی سونا بیچنے کے الزام میں ایک شخص پی ایس اے کے تحت گرفتار:پولیس

سری نگر،: جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک ملزم کو جعلی سونا بیچنے کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ کو شوکت احمد زرگر ولد نور محمد زرگر ساکن نیو کالونی بجبہاڑہ حال شمسی پورہ اننت ناگ کے بارے میں گذشتہ کچھ برسوں سے مسلسل شکایتیں موصول ہو رہی تھیں کہ وہ جعلی سونا بیچنے کا کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 جنوری 2023 کو شبیر احمد وانی ساکن آلوچی باغ سری نگر کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ مذکورہ ملزم نے اس کو جعلی سونا فروخت کیا ہے جس پر متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 اکتوبر 2024 کو ارشاد احمد گنائی ساکن نانر ترال کی طرف سے ایک اور شکایت موصول ہوئی جس پر ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ بعد ازاں 23 اور 24 جولائی 2025 کو نگینہ اختر ساکن جبلی پورہ اور زمرودہ ساکن مٹن کی طرف سے مزید دو شکایتیں موصول ہوئیں جن پر مقدمے درج کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران شکایت کنندگان کی طرف سے پیش کئے گئے جعلی سونے کی چیزوں کو ضبط کیا گیا اور اصلیت تصدیق کرنے کے لئے ان کو ہال مارکنگ سینٹر سری نگر بھیج دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم ایک دھوکہ باز ہے اور وہ لوگوں کو دھوکہ دے رہا ہے جو عوامی اعتماد اور یونین ٹریٹری کے لئے خطرہ ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس کی مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں اور سماج کو در پیش خطرے کو مد نظر رکھتے ہوئے شوکت احمد زرگر کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا اور اس کو کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img