پیر, اکتوبر 19, 2026
12.3 C
Srinagar

کشتواڑ پولیس نے ایس پی او کے قتل کا معاملہ حل کر لیا، دو ملزمان گرفتار

کشتواڑ: کشتواڑ پولیس نے لاپتہ اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کے قتل کا معاملہ حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق، ایس پی او کی لاش ترہگام کے جنگلاتی علاقے میں ایک گڑھے سے برآمد ہوئی تھی۔

 جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق، پولیس ترجمان نے بتایا کہ بشیر احمد نامی ایس پی او 15 اکتوبر کو ترہگام پولیس پکّٹ سے اپنی سروس رائفل سمیت لاپتہ ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے متعدد ٹیموں پر مشتمل آپریشن شروع کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا، ’’16 اکتوبر کو تلاشی کارروائی کے دوران پولیس نے پہلے ایس پی او کا ہتھیار برآمد کیا اور بعد ازاں ترہگام جنگلات کے علاقے سیرن وانی میں ایک نالے کے اندر کھودے گئے گڑھے سے ان کی لاش بھی برآمد کر لی، جہاں اسے دفن کیا گیا تھا۔‘‘

لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103(1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق، تحقیقات کے دوران دو مشتبہ افراد کی شناخت کی گئی، جن میں بشیر احمد ڈار ولد عبدالعزیز ڈار اور نذیر احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈار شامل ہیں۔ دونوں کا تعلق تریگام کے علاقے سیرن وانی سے ہے۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان سے پوچھ گچھ کے دوران ایس پی او کے قتل کے پیچھے مبینہ سازش اور محرکات کا انکشاف ہوا۔ ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا ہتھیار اور مقتول کا چھپایا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق، اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

(کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img