جموں،: منشیات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں دو بین ضلعی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا مواد برآمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور کی ایک ٹیم نے جاکھانی پر ایک ناکے کے دوران جموں سے آرہی ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK02DA – 5332 کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور کی تحویل سے 59.22 گرام جبکہ اس کے ساتھی کے تحویل سے 66.62 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ملزموں کی شناخت مختار احمد ولد محمد رشید ساکن کرمارہ پونچھ (ڈرائیور) اور نزاکت حسین ولد اللہ دین ساکن جھلاس پونچھ کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مختار احمد کو اس سے قبل بھی پولیس اسٹیشن رہام بل میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک میں گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اودھم پور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے لوگوں سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔