منگل, دسمبر ۹, ۲۰۲۵
13.5 C
Srinagar

کٹھوعہ میں عادی مجرم پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار

جموں،: جموں و کشمیر پولیس نے کٹھوعہ ضلع میں مذہبی منافرت پھیلانے کی پادائش میں ملزم پردیپ امبیڈکریا کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے ادھمپور جیل منتقل کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق امبیڈکریا گزشتہ دو برسوں میں متعدد مجرمانہ معاملات میں ملوث پایا گیا۔ اس کے خلاف چار ایف آئی آرز درج تھیں جن میں مذہبی جذبات کو مجروح کرنے، عوامی ہنگامہ آرائی، نفرت انگیز بیانات، دھمکی آمیز رویے اور امن عامہ کو درہم برہم کرنے جیسے سنگین الزامات شامل تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے طرزِ عمل نے علاقے میں نہ صرف قانون و نظم کے لیے خطرات پیدا کیے بلکہ سماجی ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچایا۔


ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم عادتاً ایسی سرگرمیوں کا حصہ بنتا رہا ہے جو مذہبی منافرت کو ہوا دینے اور عوامی جذبات کو بھڑکانے کا سبب بن سکتی تھیں۔ پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں موجود منفی رپورٹس کے مطابق ملزم نے مختلف مواقع پر ایسے اقدامات کیے جن سے امن و امان کی صورتحال بگڑنے کے خدشات لاحق ہوئے۔ اسی بنا پر اس کے خلاف تیار کردہ ڈوزیئر ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ کو بھیجا گیا، جنہوں نے معاملے کا مکمل جائزہ لینے کے بعد پی ایس اے کے تحت اس کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پردیپ امبیڈکریا گزشتہ کچھ عرصے سے فرار تھا۔ وہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ہندو مذہبی شخصیات کے خلاف توہین آمیز ریمارکس اپ لوڈ کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید ردِعمل پیدا ہوا اور مذہبی ہم آہنگی متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے پھیلائی جانے والی نفرت انگیز سرگرمیوں نے معاشرے کے مختلف طبقوں میں تشویش پیدا کی اور امن کی فضا کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ عوامی نظم کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ بگاڑ سے بروقت نمٹنے کے لیے اس طرح کے عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ضروری ہے۔جموں و کشمیر پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاشرتی امن، مذہبی ہم آہنگی اور قانون و ترتیب کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی جو سماج دشمن سرگرمیوں کے ذریعے ماحول کو پراگندہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیز یا نفرت آمیز سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
 

Popular Categories

spot_imgspot_img