سری نگر،: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے رکشا بندھن کے مقدس تہوار کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ رکشا بندھن جس کو راکھی کا تہوار بھی کہا جاتا ہے، ہندو مذہب کاایک انتہائی مشہور اور مقدس تہوار ہے۔ یہ بہن بھائیوں کے پیار اور ان کے خوبصورت رشتے کا تہوار ہے جو دنیا بھر میں موجود ہندو برادری روایتی جوش و خروش سے منا تی ہے۔
منوج سنہا نے اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا: ‘ رکھشا بندھن کے پرمسرت موقع پر، میں سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سب کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ رکشا بندھن بھائیوں اور بہنوں کے درمیان منفرد بندھن کا جشن ہے۔ راکھی کا مقدس دھاگہ محبت، پیار اور باہمی اعتماد کی علامت ہے’۔انہوں نے دعا کی کہ یہ تہوار سماج کے ہر طبقے کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے بندھن کو مزید مضبوط کرے اور ہم آہنگی کے جذبے کو تقویت بخشے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘رکھشا بندھن کے متبرک موقع پر تمام لوگوں کو پرتپاک مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔انہوں کہا: ‘دعا ہے کہ یہ دن ہر کسی کے لئے محبت ، اتحاد اور ہم آہنگی کا دن ہو’۔