منگل, دسمبر ۹, ۲۰۲۵
13.5 C
Srinagar

چاول گھپلہ معاملے میں تین عہدیداروں کے خلاف چارج شیٹ دائر: سی بی کے

سری نگر، :  کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم شاخ نے بڑے پیمانے پر چاول گھپلپہ کے ایک معاملے میں محکمہ خوراک، شہری سپلائیز اور صارفین کے امور کے تین عہدیداروں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے جن پر سرکاری خوراک کی سپلائی کے بڑے پیمانے پر غلط استعمال کا الزام لگایا گیا ہے۔

اقتصادی جرائم شاخ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، سوپور کی عدالت میں محکمہ خوراک اور سیول سپلائز کے تین عہدیداروں کے خلاف رنبیر پینل کوڈ (آر پی سی) کے 409، 420 اور 120 – بی کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 7/2020 چارج شیٹ دائر کی ہے۔
بیان میں ملزموں کی شناخت سراج الدین بٹ (اس وقت کا ٹی ایس او پی ای جی بارہمولہ) ولد محمد صدیق بٹ ساکن وری پورہ صفا پورہ گاندربل، محمد حسین بٹ (اس وقت کا ٹی ایس او/سٹور کیپر ہائیگام اناج خانہ) ولد عبدالرحیم بٹ ساکن کچھلو قاضی پورہ ہندوارہ اور محمد شفیع راتھر عرف شفیع کنڈا (اس وقت کا ٹی ایس او ہائیگام اناج خانہ) ولد محمد سلطان راتھر ساکن وانی گام پٹن کے طور پر کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ معاملہ ایف سی ایس اینڈ سی اے کے ڈائریکٹوریٹ سے موصول ہونے والے ایک مواصلت سے شروع ہوا، جس میں ہائیگام اور بارہمولہ (سینٹر ڈی) کے اناج خانوں سے چاول کے مشتبہ غلط استعمال کی نشاندہی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ان ان پٹس پر عمل کرتے ہوئے، ایک تحقیقات شروع کی گئی، اور ایس ایس پی کرائم برانچ کشمیر نے ایک مشترکہ سرپرائز چیک (جے ایس سی) کا حکم دیا تاکہ اطلاع کی ترسیل اور رسیدوں کی صداقت کی تصدیق کی جا سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ جے ایس سی نے واضح تضادات کا پردہ فاش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ چاول کے سات ٹرکوں کو پی ای جی (نجی کاروباریوں کی گارنٹی اسکیم) بارہمولہ سے ایف سی آئی کے عہدیداروں اور ٹی ایس او پی ای جی بارہمولہ کی نگرانی میں بھیجے گئے دکھایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چالانوں نے ان کھیپوں کو ہائیگام اناج خانوں کی وصولی کے طور پر غلط طور پر درج کیا اور بعد ازاں واگورہ، نوپورہ، کاٹھی گان جٹھیار، کلانترا، اور ڈنڈموہ میں فروخت کے مراکز میں تقسیم کیا گیا۔ تاہم، ان تمام سیل سینٹرز نے واضح طور پر اس طرح کے کسی بھی اسٹاک کو حاصل کرنے سے انکار کیا، اور ان کے سرکاری ریکارڈ نے اس انکار کی تصدیق کی۔
ترجمان نے بتایا کہ مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ چالان دھوکہ دہی سے اسسٹنٹ سٹور کیپر پلہالن پٹن محمد شفیع راتھر نے سراج الدین بٹ سے منگوائے تھے اور بعد ازاں ٹی ایس او ہائیاگم محمد حسین بٹ کے ذریعے ان کا انتظام کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات نے یہ ثابت کیا کہ ملزم افسران نے ایک دوسرے کے ساتھ اور ایف سی آئی بارہمولہ کے بعض عہدیداروں کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش کے تحت، بڑی مقدار میں چاول کا غلط استعمال کیا ہے جس سے خزانہ عامرہ کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وسیع زبانی اور دستاویزی شواہد کی بنیاد پر، ملزموں کے جرائم ثابت ہوئے ہیں۔ نتیجتاً، سیکشن 173 سی آر پی سی کے تحت چارج شیٹ کو مجاز عدالت کے سامنے عدالتی فیصلہ کے لیے جمع کر دیا گیا ہے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img