سری نگر: محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سری نگر نے جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام فائر سروس انچارجز کو ہدایت دی ہے کہ وہ آگ سے حفاظت اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری مہم چلائیں۔
ایڈوائزری میں عوام کے لیے کچھ نکات کا ذکر کیا گیا ہے جن میں اپنے ارد گرد آتش گیر مادوں جیسے گردو غبار، پتوں اور لاٹھیوں کو ہٹانا، بجلی کے ساکٹ کو اوور لوڈ کرنے سے گریز کرنا اور گھر میں نہ ہونے پر بجلی بند کرنا شامل ہے’۔
ایڈوائزری میں کہا گیا: ‘لوگوں سے یہ گزارش کی جاتی ہے کہ وہ برقی تاروں کو فرنیچر اور آتش گیر اشیاء سے دور رکھیں، بچوں کو ماچس اور لائٹر دینے سے اجتناب کریں اور مناسب وینٹیلیشن کو یقینی بناتے ہوئے گرمی کے زیادہ اوقات میں کھانا پکانے سے گریز کریں’۔ مذکورہ ایڈوائزری کے مطابق اضافی احتیاطی تدابیر میں سگریٹ کے بٹوں، آگ کے گڑھوں اور کیمپ فائر کو محفوظ طریقے سے بجھانا، کوڑے دان کو جلانے کے مقامی اصولوں پر عمل کرنا شامل ہے۔
کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھاس پھوس وغیرہ جلاتے وقت احتیاط سے کام لیں۔
محکمے نے زور دیا ہے کہ ان اقدامات پر عمل در آمد سے آگ لگنے کے واقعات سے بچا جاسکتا ہے اور خشک موسم میں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ آگ کی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے دفتر سے فون نمبر 01942455050 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔