سری نگر،: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پولیس نے ایک غیر ملکی شہری کے قیام کو چھپانے کے الزام میں ایک ہوم اسٹے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن بڈگام کی پولیس پوسٹ ہمہامہ کی ٹیم کی جانب سے ہوٹلز، گیسٹ ہائوسز اور ہوم اسٹیز کی معمول کی جانچ کے دوران ہوم اسٹے/گیسٹ ہائوس روز کوٹیج، فرنڈز کالونی ہمہامہ میں ایک سنگین خلاف ورزی سامنے آگئی۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ہوم اسٹے کی انتظامیہ نے ایک غیر ملکی شہری کو لازمی رپورٹنگ کے بغیر ٹھہرایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے فارم – سی جمع نہ کروا کر دانستہ طور پر قانون کی خلاف ورزی کی جبکہ غیر ملکی شہریوں کے اندراج کے لئے فارم – سی جمع کروانا لازمی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ فارم – سی پورٹل (آئی وی ایف آر ٹی) پر اس ادارے کی تفصیلات کی تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ ہوم اسڑے/گیسٹ ہائوس محکمہ سیاحت کے ساتھ رجسٹر نہیں تھا حالانکہ غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کے لئے یہ رجسٹریشن لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بنا پر پولیس اسٹیشن بڈگام میں ہوم اسٹے انتظامیہ کے خلاف امیگریشن اینڈ فارینرز ایکٹ 2025 کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 337/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
بڈگام پولیس نے تمام ہوٹل، گیسٹ کائوس، انفرادی مکانات اور ہوم اسٹے مالکان سے اپیل کی کہ وہ قانونی تقاضوں پر سختی سے عمل کریں اور غیر ملکی مہمانوں کی اطلاع دہی کے لئے مقررہ پورٹل کے ذریعے بروقت فارم – سی جمع کرائیں۔





