سرینگر،: بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپندر دویدی نے جمعرات کو شمالی کشمیر میں چنار کور کے تحت ڈاگر ڈویژن کے زیر نگرانی اگلے علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات فوجیوں سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران جنرل دویدی نے حالیہ "آپریشن سندور” میں بہادری، بلند حوصلے اور عملی تیاری کے لیے اہلکاروں کی تعریف کی۔
انہوں نے ایل او سی پر برتری قائم کرنے میں ان کی کامیابی کو سراہا اور سرحد پار پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے ان کی درست کارروائیوں کی تحسین کی۔
فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے، آرمی چیف نے ان پر زور دیا کہ وہ ہمہ وقت تیاری کی اعلیٰ حالت برقرار رکھیں اور سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر اپنی چوکسی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا، "ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں اور فیصلہ کن کارروائی کے لیے پرعزم رہیں۔” [کے این ٹی]