جموں،: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو گورنمنٹ میڈکل کالج (جی ایم سی) جموں میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی حالیہ گولہ باری کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔انہوں نے ان زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘گولہ باری کے حالیہ واقعات میں زخمی ہونے والوں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے جی ایم سی، جموں کا دورہ کیا’۔انہوں نے کہا: ‘میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ متعدد مقامات پر ڈرون حملوں کے بعد صورتحال کا جائزہ بھی لوں گا’۔
عمر عبداللہ جمعہ کی صبح سری نگر سے جموں روانہ ہوئے تھے۔ان کا ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہنا تھا: ‘میں اس وقت جموں جا رہا ہوں تاکہ گزشتہ شب جموں شہر اور دیگر علاقوں پر پاکستان کے ناکام ڈرون حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے سکوں’۔واضح رہے کہ جمعرات کی شب پاکستانی فوج کی جانب سے جموں، پٹھانکوٹ، ادھم پور اور دیگر علاقوں میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جسے بھارتی فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔