جمعہ, جنوری ۲, ۲۰۲۶
6 C
Srinagar

کشمیر میں خشک موسم کے بیچ سردیوں کا زور تیز، گلمرگ سردترین مقام

سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہونے سے سردیوں کا زور بڑھ گیا ہے اور سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام ، سونہ مرگ اور کچھ پہاڑی علاقوں میں دوران شب ہلکی برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق موسم گرما کی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں 28 نومبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

دریں اثنا وادی میں جمعہ کی صبح سے ہی مطلع صاف رہا اور نحیف سی دھوپ بھی کھلی رہی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں 20 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہون نے کہا کہ جموں کے میدانی علاقوں میں اگلے دو دنوں کے دوران درمیانی درجے کی دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں سخت ترین سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں جاری ہے، جو 21 دسمبر سے شروع ہوا اور 31 جنوری کو ختم ہوگا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img