چنڈی گڑھ، : ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری فوجی کارروائی کے دوران ہندوستانی شہروں کو نشانہ بنانے کی پاکستان کی ناکام کوششوں کے ثبوت پنجاب کے کئی گاؤں میں بکھرے ہوئے ہیں۔ہندوستان نے اسلام آباد کے میزائلوں اور ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔
ریاست کے ضلع ہوشیار پور کے کماہی دیوی کے پہاڑی علاقے میں واقع گاؤں وہفاٹا سے ایک چینی میزائل پی ایل 15 کا ملبہ ملا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ملبہ پاکستانی میزائلوں کا ہے جنہیں ہندوستان کے فضائی دفاعی نظام نے روک دیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ملبہ ملنے کا یہ واقعہ سرحدی ریاستوں میں رات بھر ہونے والے مبینہ دھماکوں اور سخت حفاظتی اقدامات کے بعد پیش آیا ہے۔
ہوشیار پور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (تفتیش) ڈاکٹر مکیش کمار نے کہا کہ ملبہ ایک میزائل کا معلوم ہوتا ہے۔ مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ کو اطلاع دی۔ اہلکار نے بتایا کہ فضائیہ کے عہدیداروں کی ایک ٹیم جلد ہی موقع پر پہنچی، ابتدائی معائنہ کیا اور مزید تحقیقات اور ٹھکانے لگانے کے لیے ملبہ اٹھا لیا۔ حکام نے ابھی تک اس چیز کی اصلیت یا قسم کی تصدیق نہیں کی ہے۔ مزید تجزیہ جاری ہے۔
اسی طرح بھٹنڈہ میں بیڈ تالاب کے قریب میزائل کا ملبہ ملا اور اس کے پرزوں کو غیر فعال کیا جا رہا ہے۔ گوردوارہ صاحب میں اعلان کیا گیا کہ سب گھر کے اندر رہیں۔
یواین آئی