جموں: جمعرات کی شام پاکستان کی جانب سے جموں کے سرحدی علاقوں، خصوصاً ستواری میں واقع جموں ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے کم از کم آٹھ میزائل ہندوستانی ایئر ڈیفنس یونٹس نے فضا میں ہی تباہ کر دیے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق یہ تمام راکٹ کم قیمت اور فوری نوعیت کے تھے، جنہیں فلسطینی تنظیم حماس کی طرز پر فائر کیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فوج اب دہشت گرد تنظیموں جیسا رویہ اپنا رہی ہے۔
میزائل حملوں کا ہدف جموں کا اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ایئرپورٹ، سانبہ، آر ایس پورہ اور ارنیا کے علاقے تھے۔ اس دوران بھارت کے مغربی بارڈر پر مشکوک ڈرونز کی بھی سرگرمیاں دیکھی گئیں، جنہیں فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا گیا۔
دو زوردار دھماکوں کے بعد جموں شہر کی بجلی اچانک بند کر دی گئی، اور سائرن کی آوازوں نے فضا کو لرزا دیا۔ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ گھروں میں محفوظ رہیں اور تمام بیرونی روشنیاں بند کر دیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون کے گرنے کی اطلاع بھی ہے، جبکہ متعدد فوجی، ایئرفورس اور نیم فوجی مراکز کے گردونواح میں ایئر ڈیفنس سسٹم کو فعال کیا گیا ہے۔
دفاعی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ملک کی فضائی حدود کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں، اور دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یو این آئی