ہفتہ, اگست ۲۳, ۲۰۲۵
20.5 C
Srinagar

پہلگام سانحہ: جاں بحق سیاحوں کی میتیں خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ

سری نگر:پہلگام میں منگل کے روز پیش آئے سفاکانہ دہشت گرد حملے کے بعد، جموں و کشمیر انتظامیہ نے جاں بحق ہونے والے سیاحوں کی میتوں کو اُن کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے خصوصی فضائی انتظامات کیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ "انسانی ہمدردی اور فوری اقدامات” کے تحت یہ فیصلہ لیا گیا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ذرائع کے مطابق، حملے میں جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی شناخت اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد، تمام میتیں سرینگر کے پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) منتقل کی گئیں، جہاں انہیں مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ الوداع کہا گیا۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پی سی آر میں ان جان بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سرینگر ایئرپورٹ پر سکیورٹی فورسز، طبی عملے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ اس عمل کو بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ پہلگام کے بیسرن علاقے میں پیش آئے اس حملے کو حالیہ برسوں کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سفاکانہ حملے میں دو غیر ملکیوں سمیت خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس پر پورے ملک میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img