ہفتہ, اگست ۲۳, ۲۰۲۵
20.4 C
Srinagar

پہلگام حملہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا حکومتی اعلان

سرینگر: جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کے روز پہلگام دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس بطور ایکس گریشیا مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے، جب کہ شدید زخمی افراد کے لیے 2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لیے 1 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے "بے گناہ شہریوں پر یہ وحشیانہ اور بے حس حملہ ایک مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے۔”

بیان میں مزید کہا گیا:”ہم اس واقعے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگوار ہیں۔ اگرچہ کسی بھی مالی امداد سے اپنوں کے بچھڑنے کا دکھ کم نہیں ہو سکتا، مگر حمایت اور یکجہتی کے جذبے کے تحت جموں و کشمیر حکومت جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 2 لاکھ روپے، اور معمولی زخمیوں کو 1 لاکھ روپے کی امداد دے گی۔”

بیان کے مطابق تمام متاثرہ افراد کی باعزت واپسی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جب کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا:”ہمارے دل غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم آپ کے دکھ میں شریک ہیں اور اس مشکل گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مگر دہشت گردی ہمارے حوصلے کو توڑ نہیں سکتی، اور ہم اس درندگی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔” — (کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img